دبئی: ایئر شو 2025 میں پاک فضائیہ کے تیار کردہ جے ایف-17 تھنڈر بلاک تھری طیارے نے شاندار کارکردگی اور جدید خصوصیات کے باعث غیر ملکی مندوبین کی خصوصی توجہ حاصل کی، جبکہ ایک دوست ملک کے ساتھ طیاروں کی خریداری سے متعلق اہم ایم او یو پر دستخط بھی کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کا خصوصی دستہ اس وقت دبئی ایئر شو میں شرکت کے لیے متحدہ عرب امارات میں موجود ہے۔ ایئر شو کے دوران جے ایف-17 بلاک تھری طیارہ مرکزِ نگاہ رہا، جس کی عملی کارکردگی اور جدید ٹیکنالوجی کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مختلف ممالک نے جے ایف-17 میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، جبکہ معرکۂ حق میں اس طیارے کی ثابت قدم اور موثر کارکردگی نے اسے ایک قابلِ اعتماد لڑاکا جہاز کے طور پر نمایاں کر دیا ہے۔
صدر مملکت کا جے10 سی طیارے بنانے والے چینی ائیرکرافٹ کمپلیکس کا تاریخی دورہ
ترجمان کے مطابق ایک دوست ملک کے ساتھ جے ایف-17 کی خریداری کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے ہیں، جو پاکستان کے بڑھتے ہوئے دفاعی اور صنعتی تعاون میں اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔ یہ معاہدہ اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی سطح پر جے ایف-17 تھنڈر پر اعتماد مسلسل بڑھ رہا ہے۔
