مظفرآباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے حالیہ چار روزہ جنگ میں بھارت کو واضح اور عبرتناک شکست سے دوچار کیا، جس کی تصدیق امریکی کانگریس کی رپورٹ میں بھی کی گئی ہے۔ ان کے مطابق امریکی صدر اپنی تقریروں میں بھارتی طیاروں کے گرائے جانے کا ذکر بار بار کرتے ہیں، جو پاکستان کی کامیابی کا ثبوت ہے۔
آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستانی مسلح افواج نے غیر معمولی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جیسے جنگی میدان میں پاکستان سرخرو ہوا، ویسے ہی معاشی میدان میں بھی کامیابی حاصل کرے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر کی ترقی اور عوامی خدمت کے حوالے سے حکومت اپنے تمام وعدے پورے کرے گی، اور کشمیر کے عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھی جائے گی۔
دانش اسکولوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ باغ میں دانش اسکول کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق دانش اسکولوں کا نیٹ ورک پورے ملک میں پھیل رہا ہے، اور باغ میں منصوبہ تکمیل کے قریب ہے۔ وزیراعظم نے اعلان کیا کہ دانش اسکول کا افتتاح 23 مارچ 2026 کو کیا جائے گا، جبکہ وادی نیلم اور فاروڈ کہوٹہ میں بھی دانش اسکول قائم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دانش اسکول جدید تعلیم اور بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے بنائے گئے ہیں اور ان اداروں نے ہزاروں بچوں کو معیارِ تعلیم کی نئی سمت دی ہے۔ وزیراعظم کے مطابق دانش اسکولوں کی بنیاد قائداعظم کے وژن کے مطابق رکھی گئی تھی اور اب یہ خواب حقیقت کے قریب ہے۔
