حکومتِ پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ پولیس جہلم کی جانب سے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ضلع بھر میں غیر قانونی مقیم افراد کی نشاندہی، گرفتاری اور انہیں ہولڈنگ کیمپس منتقل کرنے کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔
تھانہ جلالپور شریف پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر مقیم ایک افغان شہری کو اس کی فیملی سمیت 7 افغان باشندوں کو گرفتار کر کے ہولڈنگ کیمپ منتقل کر دیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس کی جانب سے شہریوں کو تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو ہرگز مکان، دکان یا گاڑی کرایہ پر نہ دیں۔ ترجمان کے مطابق غیر قانونی مقیم غیر ملکی کسی قسم کا کاروبار، خرید و فروخت یا ملازمت کرنے کے مجاز نہیں۔
پولیس نے یہ بھی واضح کیا کہ قانونی طور پر مقیم غیر ملکی اپنی رجسٹریشن متعلقہ تھانہ میں لازمی کروائیں، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی مشکوک یا غیر قانونی مقیم غیر ملکی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔
جہلم پولیس کی ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشن، 447 افراد کی چیکنگ
حکومتِ پنجاب کی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ عوامی آگاہی کے لیے سوشل میڈیا، مساجد اور مقامی سطح پر اعلانات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ کسی کے ساتھ ظلم یا ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی، تاہم غیر قانونی رہائش رکھنے والوں کو یہاں قیام کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
