گجرات: چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی گجرات، ڈاکٹر سید عطا المنعم نے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال (THQ) کھاریاں کا دورہ کیا اور اسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران متعدد انتظامی اور تکنیکی خامیوں کی نشاندہی کی گئی۔ اسپتال میں عملہ، بشمول میڈیکل آفیسرز، ویمن میڈیکل آفیسرز اور کنسلٹنٹس، تاخیر سے پہنچنے یا غیر حاضر رہنے کے الزامات سامنے آئے۔ بائیومیٹرک حاضری کا ریکارڈ بھی چیک کیا گیا۔
لیبارٹری میں پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن (PHC) کی گائیڈ لائنز کے مطابق جائزہ لیا گیا، جبکہ میڈیسن اسٹور میں فارماسسٹ کی غیر موجودگی نوٹ کی گئی۔ ہیومن ریسورس کے شعبے میں چھٹیوں اور ڈے آف کا ریکارڈ بائیومیٹرک ڈیش بورڈ پر چیک کیا گیا۔ لیبر روم اور ایمرجنسی وارڈ میں کریش کارٹ ٹرالیوں کی لیبلنگ کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ڈاکٹر عطا المنعم کی ایم ایس کو ہدایت
- عملے کی حاضری اور بائیومیٹرک ریکارڈ بہتر بنایا جائے
- لیبارٹری میں PHC گائیڈ لائنز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے
- تمام رجسٹرز اور لاگ بکس اپڈیٹ کیے جائیں
- فارماسسٹ کی موجودگی یقینی بنائی جائے
- اسٹاک کی باقاعدہ جانچ پڑتال کی جائے۔
ڈاکٹر عطا المنعم نے واضح کیا کہ صحت عامہ کے اداروں میں نظم و ضبط اور معیار کو بہتر بنانے کے لیے ایسے دورے مسلسل جاری رہیں گے۔
