10
لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ کیس کی سماعت کے دوران شہر بھر کے پارکوں میں جاری ہر قسم کے تعمیراتی کام کو فوری طور پر روکنے کا تحریری حکم جاری کردیا ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ مزید احکامات تک کسی بھی پارک میں کوئی نئی تعمیر یا ڈھانچہ نہیں بنایا جائے گا۔
تحریری حکم نامے میں عدالت نے پی ایچ اے سے استفسار کیا کہ کیا پارکوں کے کچھ حصے کرائے پر دینا مناسب اور عوامی مفاد کے مطابق ہے یا نہیں۔ اس سلسلے میں پی ایچ اے کے وکیل کو ہدایت کی گئی ہے کہ پارکوں کے حصے کانٹریکٹ پر دینے سے متعلق جامع رپورٹ دو ہفتوں کے اندر جمع کروائی جائے۔
عدالت نے معاملے کی مزید سماعت 21 نومبر کو مقرر کر دی ہے، جس میں پارکوں کے تحفظ، شہری جگہوں کے استعمال اور ماحولیاتی تحفظ سے متعلق آئندہ اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔
