11
کراچی: ایک حیران کن واقعے میں شہر کے معروف فائیو اسٹار ہوٹل کو اُس گاڑی کا 10 ہزار روپے کا ای چالان موصول ہوا ہے جو تقریباً 28 سال پہلے چوری ہو چکی تھی۔
تفصیلات کے مطابق ہوٹل کی ملکیت کار نمبر AAR-540 مئی 1997 میں شاہراہِ فیصل پر فیاض سینٹر کے قریب پارکنگ سے چوری ہوئی تھی۔ اس واقعے کی ایف آئی آر 122/97 ہوٹل کے ملازم زاہد کی مدعیت میں 22 مئی 1997 کو تھانہ صدر میں درج کرائی گئی تھی۔
تاہم تقریباً تین دہائیوں کے عرصے میں پولیس گاڑی بازیاب نہ کر سکی، لیکن گزشتہ ہفتے اسی مسروقہ گاڑی کی نمبر پلیٹ پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کا 10 ہزار روپے کا ای چالان ہوٹل کو بھیج دیا گیا۔
ہوٹل انتظامیہ نے طنزیہ انداز میں جرمانہ ادا کرنے پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے شرط رکھی ہے کہ پہلے کراچی پولیس مسروقہ گاڑی بازیاب کرکے دکھائے۔ اس معاملے نے انتظامی خامیوں اور ریکارڈ سسٹم کی درستگی پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
