اسلام آباد ہائیکورٹ نے ماہ رنگ بلوچ کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کی درخواست پر ریویو کمیٹی کو 30 دن کے اندر فیصلہ کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ عدالت نے متعلقہ حکام کو یہ بھی حکم دیا کہ وہ عدالتی احکامات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں۔
چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کی عدالت میں سماعت کے دوران درخواست گزار کی جانب سے وکیل عطا اللہ کنڈی پیش ہوئے۔ پہلے ماہ رنگ بلوچ کی قانونی نمائندگی پیردی ایمان مزاری کر رہی تھیں۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پٹیشنر کو 7 اکتوبر کو امریکا جانے سے روکا گیا، اور ان کا نام پہلے پی سی ایل اور بعد میں ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا۔ انہوں نے استدعا کی کہ ریویو کمیٹی کو درخواست پر فیصلہ کرنے کے لیے وقت کی پابندی لگائی جائے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ عدالت درخواست پر ریویو کمیٹی کو 30 دن میں فیصلہ کرنے کی ہدایت دے رہی ہے، تاکہ معاملہ طویل عرصے تک طول نہ پکڑے۔
