لاہور کے علاقے رائیونڈ کے قریب باراتیوں سے بھری کوسٹر خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 15 زخمی ہو گئے۔ افسوسناک حادثہ اُس وقت پیش آیا جب واپسی پر کوسٹر کی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکر ہو گئی۔
ابتدائی تفصیلات کے مطابق بارات باجیاں سے رائیونڈ آئی تھی اور واپس جاتے ہوئے یہ المناک تصادم پیش آیا۔ جاں بحق ہونے والوں کا تعلق واہ کینٹ اور ٹیکسلا سے بتایا جا رہا ہے، جبکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب موٹروے ایم-4 پر شورکوٹ کے قریب کراچی سے لاہور جانے والی بس ٹریلر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں بس ڈرائیور جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق حادثہ بس ڈرائیور کے اونگھ آنے کے باعث پیش آیا۔ بس میں مجموعی طور پر 35 مسافر سوار تھے۔
حکام نے دونوں حادثات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سفر کے دوران احتیاط برتیں اور تھکاوٹ کی حالت میں ڈرائیونگ سے گریز کریں۔
