پنجاب پولیس نے بیرونِ ملک سے آئے بزنس مین کو کھمبے سے باندھ دیا، ویڈیو وائرل

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب پولیس کے ایک اہلکار کی جانب سے بیرونِ ملک سے آئے بزنس مین کو کھمبے سے باندھنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس کے بعد پولیس کے رویے پر شدید تنقید اور سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

latest urdu news

ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ جھیکا گلی چوک مری میں پیش آیا، جہاں مقامی عدالت کے باہر کانسٹیبل مبشر اور شہری خالد لطیف کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ صورتحال بگڑنے پر پولیس اہلکار نے بزنس مین کو مبینہ طور پر کھمبے سے باندھ دیا۔

پولیس اہلکار کا مؤقف ہے کہ خالد لطیف نے اس پر حملہ کرنے اور جان سے مارنے کی کوشش کی۔ اہلکار کے مطابق، خالد کے خلاف دو مقدمات زیرِ سماعت ہیں، ایک میں اسے ضمانت ملی تھی جبکہ دوسرے میں گرفتاری کے وارنٹ جاری تھے، اور وہ گاڑی میں فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔

دوسری جانب، خالد لطیف نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس کے خلاف صرف ایک مقدمہ تھا جس میں عدالت نے اسی روز ضمانت منظور کی تھی۔ خالد کے مطابق، پولیس اہلکار نے اس کے کپڑے پھاڑ دیے، بدسلوکی کی، اور عوام کے سامنے تیک آمیز سلوک کیا۔

خالد لطیف نے مزید انکشاف کیا کہ وہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ہیں اور چار ممالک میں کاروبار کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مری میں انہوں نے ایک بلڈنگ خریدی تھی، تاہم مقامی پولیس قرضہ مافیا کے ساتھ ملی ہوئی ہے جو ان پر دباؤ ڈال کر وہ عمارت اونے پونے داموں حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

واقعے کے بعد خالد لطیف اور ان کے وکلا ڈی پی او آفس پہنچے، جہاں پولیس حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کے بعد شہریوں کی جانب سے پنجاب پولیس کے رویے کی شدید مذمت کی جا رہی ہے، جبکہ حکام پر زور دیا جا رہا ہے کہ واقعے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter