انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تازہ ترین مینز ٹی ٹوئنٹی پلیئرز رینکنگ جاری کر دی ہے، جس میں پاکستان کے صائم ایوب نے ایک بار پھر دنیا کے بہترین آل راؤنڈر کے طور پر اپنی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔
بیٹرز کی فہرست میں بھارت کے ابھیشک شرما بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ سری لنکا کے کوسال پریرا دو درجے ترقی کے بعد ساتویں نمبر پر آگئے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے ڈیوالڈ بریوس دو درجے بہتری کے ساتھ 12ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔
پاکستان کے صاحبزادہ فرحان نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11ویں نمبر پر جگہ بنالی۔ دوسری جانب بھارت کے شبمن گل آٹھ درجے ترقی کے بعد 22ویں پوزیشن پر آگئے، جب کہ نیوزی لینڈ کے ٹم رابنسن 18 درجے ترقی کے بعد 23ویں نمبر پر پہنچے۔
بولرز کی رینکنگ میں بھارت کے ورون چکرورتی پہلے نمبر پر برقرار ہیں، جبکہ افغانستان کے راشد خان ایک درجہ ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر آگئے۔ نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی چھ درجے ترقی کے ساتھ تیسرے نمبر پر پہنچے۔
پاکستانی اسپنر ابرار احمد بولرز کی فہرست میں آٹھویں نمبر پر موجود ہیں، جبکہ شاہین شاہ آفریدی 13ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔
آئی سی سی کی تازہ رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی مجموعی پرفارمنس کو مثبت قرار دیا جا رہا ہے، خاص طور پر صائم ایوب کی آل راؤنڈ کارکردگی کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔
