12
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی اور خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے کہا ہے کہ پارٹی اداروں سے مذاکرات کے لیے بالکل تیار ہے۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں امن جرگے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے جنید اکبر کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو تحریک انصاف سے مسئلہ ہے تو وہ تمام سیاسی جماعتوں کے اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے، تاکہ مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی بات چیت اور مفاہمت پر یقین رکھتی ہے، اور اگر جرگے میں کوئی متفقہ فیصلہ کیا گیا تو خیبرپختونخوا حکومت اس پر من و عن عملدرآمد کرے گی۔
جنید اکبر نے مزید کہا کہ سیاسی استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے تمام اداروں اور جماعتوں کو مل کر بیٹھنا ہوگا، کیونکہ ملک کے موجودہ حالات میں ٹکراؤ کے بجائے مذاکرات ہی بہترین راستہ ہیں۔
