چین کے صوبہ سچوان میں حال ہی میں ٹریفک کے لیے کھولا گیا ہونگ چی پل اچانک گر گیا۔ غیر ملکی خبر ایجنسیوں کے مطابق، 758 میٹر طویل اس پل کا ایک بڑا حصہ منگل کے روز منہدم ہو گیا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق، دو روز قبل پل میں دراڑیں پڑنا شروع ہو گئی تھیں جنہیں دیکھ کر حکام نے پل پر ٹریفک کو محدود کر دیا تھا، مگر اس کے باوجود پل کا ایک حصہ اچانک زمین بوس ہو گیا۔
یہ پل چند ماہ قبل ہی عوامی آمدورفت کے لیے کھولا گیا تھا اور اسے سچوان صوبے کے جدید انفراسٹرکچر منصوبوں میں سے ایک قرار دیا جا رہا تھا۔
حادثے کے بعد مقامی انتظامیہ نے علاقے کو سیل کر کے ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کر دیا ہے، جبکہ تکنیکی ماہرین کو بلایا گیا ہے تاکہ منہدم ہونے کی وجہ کا تعین کیا جا سکے۔
چینی حکام نے واقعے کے بعد قریبی پلوں اور سڑکوں کی ہنگامی جانچ کا حکم دے دیا ہے تاکہ کسی ممکنہ خطرے کو بروقت روکا جا سکے۔
واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں، جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پل کا درمیانی حصہ اچانک جھک کر نیچے گر جاتا ہے جبکہ قریبی گاڑیاں محفوظ رہتی ہیں۔
