جہلم کے پٹوارخانوں میں شہریوں کے اعتماد کا ناجائز فائدہ اٹھانے اور پرائیویٹ افراد کے غیر قانونی راج کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق متعدد پٹوارخانوں میں غیر متعلقہ افراد ڈیرے ڈال کر خود کو پٹواری ظاہر کرتے ہوئے فرد بیع، وراثتی انتقال اور رجسٹری کے معاملات میں شہریوں سے بھاری رقوم وصول کر رہے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ یہ سرگرمیاں اکثر پٹواریوں کی مبینہ آشیرباد سے جاری ہیں، جس کے نتیجے میں نہ صرف شہری متاثر ہو رہے ہیں بلکہ سرکاری خزانے کو بھی ماہانہ لاکھوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے۔
دوسری جانب، عدالت عالیہ نے پنجاب بھر کے پٹوارخانوں میں پرائیویٹ افراد کو منشی رکھنے پر سخت پابندی عائد کی ہوئی ہے، تاہم عمل درآمد نہ ہونے کے باعث شہری ہر روز غیر قانونی وصولیوں کا شکار ہو رہے ہیں۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹوارخانوں میں قانون کے مطابق سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کے حقوق کا تحفظ ممکن ہو سکے اور سرکاری وسائل کو نقصان سے بچایا جا سکے۔
