9
اسلام آباد کے جی الیون سیکٹر میں کچہری کے نزدیک ہونے والے خودکش حملے کی ابتدائی رپورٹ تحقیقاتی اداروں نے تیار کر لی ہے۔ رپورٹ کے مطابق حملہ آور باجوڑ میں رہائش پذیر تھا اور جمعہ کے روز اسلام آباد پہنچا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق خودکش حملہ آور نے پیرودھائی سے موٹر سائیکل کے ذریعے جی الیون کچہری کا رخ کیا اور چادر اوڑھے ہوئے تھا۔ پولیس کے مطابق وہ کچہری کے قریب اپنی گاڑی کے پاس پہنچا اور خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں 12 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ قریبی گاڑیوں میں آگ لگ گئی اور حملہ آور کے اعضا کچہری کے اندر جاگرے۔ جیو نیوز کے مطابق یہ دھماکا منگل کی دوپہر تقریباً ساڑھے بارہ بجے ہوا، اور اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔
