خادمِ حرمین شریفین، شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی عرب میں بارش کی کمی کے پیش نظر نماز استسقاء ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔ شاہ سلمان نے تمام شہریوں سے درخواست کی کہ وہ 13 نومبر کو ملک بھر میں اجتماعی طور پر نماز استسقاء ادا کریں۔
سعودی شاہی دیوان کے بیان میں کہا گیا کہ یہ اقدام اللہ کے رسول ﷺ کی سنت کے مطابق کیا گیا ہے تاکہ اہل ایمان اجتماعی طور پر اللہ تعالیٰ سے بارش کی دعا کریں۔
بیان میں مزید زور دیا گیا کہ لوگ توبہ و استغفار، نیک اعمال، صدقات، نوافل اور دعا میں اضافہ کریں اور دوسروں کی مشکلات دور کرنے کی کوشش کریں تاکہ اللہ کی رحمت اور برکت حاصل ہو۔
سوشل میڈیا بیان میں بتایا گیا کہ مسجد الحرام میں جمعرات کو شیخ یاسر الدوسری نماز استسقاء کی امامت اور خطبہ دیں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل متحدہ عرب امارات اور کویت میں بھی نماز استسقاء ادا کی جا چکی ہے۔
