وزیرِ اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر اور معروف صحافی عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عرفان صدیقی ایک باوقار، بااصول اور سچے قلم کار تھے جنہوں نے اپنی تحریروں کے ذریعے ہمیشہ حق اور سچائی کی ترجمانی کی۔
عظمٰی بخاری نے کہا کہ عرفان صدیقی کی رہنمائی اور سرپرستی ان کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہی۔ میری خوش قسمتی ہے کہ مجھے اہم قومی اور سیاسی معاملات میں ان کی رائے اور قیمتی مشورے حاصل ہوتے رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عرفان صدیقی صحافت کے شعبے میں ایک عہد کی حیثیت رکھتے تھے۔ وہ جمہوریت کی ایک توانا آواز اور سیاست و صحافت دونوں میدانوں میں اصول پسندی کی علامت تھے۔
وزیرِ اطلاعات پنجاب نے یہ بھی کہا کہ عرفان صدیقی میاں نواز شریف کے مخلص اور باوفا ساتھی تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی جمہوریت، آئین اور عوامی خدمت کے لیے وقف کی۔
عظمٰی بخاری نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ دے اور ان کے اہلِ خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔
