چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے اقدامات پر وہ شکر گزار ہیں، جن کے تحت زرعی ایمرجنسی نافذ کی گئی۔ بلاول بھٹو نے سندھ حکومت کے کسانوں کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو لائق تحسین قرار دیا اور کہا کہ بیج اور کھاد کی مد میں رقوم کی ادائیگی ایک انقلابی اقدام ہے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ کسانوں کی فلاح و بہبود کو ترجیح دیتی رہی ہے، کیونکہ کسان خوشحال ہوگا تو ملک خوشحال ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی ذکر کیا کہ ماضی میں کسانوں کو نقصان پہنچایا گیا اور زرعی معیشت کے حوالے سے وہ مسلسل پریشان رہے۔ انہوں نے سیلاب متاثرین کے بجلی کے بل معاف کرنے کی بھی تعریف کی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے معاہدے کے بعد صوبائی حکومتوں کے محدود اختیارات کی نشاندہی کی۔ آئین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی آئین کو شہید بھٹو کی امانت سمجھتی ہے اور سینیٹ میں 27ویں ترمیم کے سلسلے میں بھی انہوں نے بات کی، یاد دلاتے ہوئے کہ 18ویں ترمیم اتفاق رائے سے لائی گئی تھی۔
این ایف سی اور بلدیاتی نظام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: بلاول بھٹو
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بہت کچھ ہو رہا ہے اور آئینی عدالتوں میں تمام صوبوں کی برابری کی نمائندگی ہونی چاہیے۔ بلاول بھٹو نے زور دیا کہ بات چیت اور درمیانی راستہ اختیار کرکے ترامیم منظور کرانا ضروری ہے۔
