افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر اور سابق کرکٹر اسد اللہ خان نے کرکٹ آسٹریلیا پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا کا افغانستان کے ساتھ باہمی سیریز نہ کھیلنا اسپرٹ آف دی گیم کے منافی ہے اور افغان ٹیم کو غیرمنصفانہ طور پر ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔
اسد اللہ خان نے بیان میں کہا کہ افغانستان کی قومی ٹیم نے ایلیٹ کرکٹ میں اپنی شاندار پرفارمنس سے مقام حاصل کیا ہے اور افغان ویمن ٹیم نے بھی حالیہ برسوں میں محدود مواقع کے باوجود اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا اور دیگر بورڈز کرکٹ کو سیاست سے جوڑ رہے ہیں، جو کھیل کی روح کے لیے نقصان دہ ہے۔
چیف سلیکٹر نے مزید کہا کہ افغانستان کی ٹیم کی کامیابیاں میرٹ کی بنیاد پر حاصل کی گئی ہیں اور یہ فیورٹ ازم یا خیرات کے ذریعے نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جینٹل گیم اور کھیل کی شرافت کے لیے اس طرح کے رویے مناسب نہیں ہیں اور بین الاقوامی کرکٹ کمیونٹی کو اس سلسلے میں مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔
