جہلم کے مضافاتی علاقوں میں موجود پوسٹ آفس جدید دور کے تقاضوں کے مطابق خدمات فراہم کرنے میں ناکام ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پوسٹ آفس میں نہ تو یوٹیلیٹی بلز کی آن لائن ادائیگی ممکن ہے اور نہ ہی قیمتی کاغذات کی بروقت ترسیل اور ٹریکنگ کا کوئی نظام موجود ہے۔ دنیا بھر کے پوسٹ آفس جدید سہولیات فراہم کر رہے ہیں، جہلم کے مضافاتی علاقوں میں پوسٹ سروسز اب بھی پرانے اور فرسودہ نظام پر کام کر رہی ہیں۔
شہریوں نے بتایا کہ اس فرسودہ نظام کی وجہ سے ان کا وقت اور پیسہ دونوں ضائع ہوتا ہے، اور اہم ڈاکومنٹس کی ترسیل میں بھی دیر ہوتی ہے۔
عوامی حلقوں نے وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ پوسٹ آفسز کو جدید نظام سے آراستہ کیا جائے تاکہ بلوں کی آن لائن ادائیگی، پارسل کی آن لائن ٹریکنگ اور دیگر سہولیات گھر بیٹھے ممکن ہو سکیں۔ کاروباری حضرات نے بھی اس امر پر زور دیا کہ اگر پوسٹ سروس جدید تقاضوں کے مطابق نہ ہوئی تو بیرون ملک مقیم اور کاروباری افراد کوریئر سروسز کو ترجیح دینا شروع کر دیں گے، جس سے پوسٹ آفس کی اہمیت کم ہو سکتی ہے۔
علاقائی شہریوں کا کہنا ہے کہ پوسٹل سروس میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کروائی جائے تاکہ بڑے شہروں کی طرح چھوٹے دیہات سے تعلق رکھنے والے لوگ بھی حقیقی معنوں میں جدید دور کی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔
