لاہور: مسلمانوں کے لیے آزاد وطن کا خواب دیکھنے والے اور انسانی روح کو بیدار کرنے والے مفکرِ پاکستان، شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کا 148 واں یومِ پیدائش آج پورے پاکستان میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
اس موقع پر مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاک فوج کے دستے نے اعزاز کے ساتھ فرائض سنبھالے۔
ہر سال 9 نومبر کو پاکستان بھر میں یومِ اقبال منایا جاتا ہے تاکہ قوم کو علامہ اقبال کے افکار، نظریات اور ان کی جدوجہد کی یاد دلائی جا سکے۔
علامہ اقبالؒ نے اپنی شاعری کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں جداگانہ قومیت کا شعور بیدار کیا اور ایک ایسی ریاست کا خواب دکھایا جہاں مسلمان اپنے مذہبی، سیاسی اور معاشرتی اصولوں کے مطابق زندگی گزار سکیں۔
ان کی شاعری نے محکوم قوموں میں بیداری اور خودی کا جذبہ پیدا کیا۔ اقبالؒ کے افکار نے اُمید کا وہ چراغ روشن کیا جس نے نہ صرف منزل بلکہ راستے کی بھی نشاندہی کی۔
یاد رہے کہ علامہ محمد اقبالؒ 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے اور 21 اپریل 1938 کو لاہور میں وفات پائی۔ ان کا مزار بادشاہی مسجد کے پہلو میں مرجعِ خاص و عام ہے۔
