پشاور: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے جعلسازی کے ذریعے پاکستانی شہریت حاصل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے افغان شہری سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں صدیق اللہ، سمیع اللہ، فیاض خان اور یونس خان شامل ہیں۔ مرکزی ملزم صدیق اللہ افغان شہری ہے جو جعلی دستاویزات کے ذریعے پاکستانی شہریت حاصل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
ترجمان کے مطابق ملزم یونس خان نے خود کو افغان شہری کے والد کے طور پر ظاہر کیا اور شہریت کے حصول کے لیے جعلی شناختی دستاویزات جمع کرائیں۔ اس جعلسازی میں ملزم فیاض خان اور سمیع اللہ نے بطور گواہ اور تصدیق کنندگان کردار ادا کیا۔
ایف آئی اے نے بتایا کہ صدیق اللہ کی پاکستانی شہریت کی غیر قانونی تصدیق کی گئی تھی، تاہم بروقت کارروائی کے نتیجے میں منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ تمام ملزمان کو گرفتار کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
