اسلام آباد: مسلم لیگ (ق) نے 27ویں آئینی ترمیم کی حمایت کا باضابطہ اعلان کر دیا۔ پارٹی کا مشاورتی اجلاس سینئر نائب صدر چوہدری سالک حسین کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں آئینی اصلاحات اور قومی مفاہمت کے فروغ پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اجلاس کے بعد چوہدری سالک حسین نے بتایا کہ پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ قومی مفاہمت اور اداروں کی مضبوطی کے لیے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ آئینی ترمیم سے ریاستی اداروں کی کارکردگی میں بہتری آئے گی اور قومی ہم آہنگی کو فروغ ملے گا۔
چوہدری سالک حسین نے اجلاس کے شرکاء کو وزیراعظم شہباز شریف سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔ ان کے مطابق وزیراعظم نے مسلم لیگ (ق) کی پارلیمانی پارٹی کو آئینی ترمیم کے تمام نکات پر مکمل بریفنگ دی اور ان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
وفاقی کابینہ نے 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری دے دی، آئینی عدالت کے قیام پر بھی اتفاق رائے
سالک حسین کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ق) نے ہمیشہ اداروں کے استحکام اور آئینی تسلسل کو اپنی سیاست کا بنیادی اصول سمجھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آئینی اصلاحات کے سلسلے میں پارٹی سے مستقل رابطے میں ہے اور اہم قومی معاملات میں مشاورت کا سلسلہ جاری رہے گا۔
پارٹی رہنماؤں نے اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ (ق) قومی مفاد کے ہر اقدام کی حمایت جاری رکھے گی تاکہ ملک میں سیاسی استحکام اور جمہوری عمل کو تقویت دی جا سکے۔
