وفاقی کابینہ نے 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری دے دی، آئینی عدالت کے قیام پر بھی اتفاق رائے

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وفاقی کابینہ نے 27ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے میڈیا کو بتایا کہ ترمیمی بل آج سینیٹ میں پیش کیا جائے گا، جس کے بعد اسے مزید غور و خوض کے لیے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے سپرد کیا جائے گا۔

latest urdu news

کابینہ اجلاس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے شہر باکو سے ویڈیو لنک کے ذریعے کی۔ اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف، رانا ثناء اللہ، مصدق ملک، ریاض حسین پیرزادہ، عون چوہدری، شزرہ منصب، قیصر احمد شیخ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ شریک ہوئے۔

وزیر قانون نے بتایا کہ اجلاس میں آئینی عدالت کے قیام پر اتفاق رائے ہوگیا ہے، جب کہ ججز کے تبادلوں کا اختیار جوڈیشل کمیشن کو دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ مجوزہ نظام کے تحت ہائی کورٹ کے چیف جسٹس بھی تبادلے کے عمل کا حصہ ہوں گے۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ حکومت اتحادی جماعتوں کے ساتھ مکمل مشاورت کے بعد آئینی ترمیم کا بل پیش کرے گی۔ ان کے مطابق آرٹیکل 243
پر بھی غور کیا گیا اور اس سے متعلق ماضی کے تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے آئینی بہتری کے نکات شامل کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مجوزہ ترمیم کے تحت پورے ملک میں ایک ہی وقت میں سینیٹ انتخابات کرانے اور ہر تین سال بعد چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخابات کو آئینی تقاضا بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔

کابینہ اجلاس میں وزرا کے مشیروں کی تعداد پانچ سے بڑھا کر سات کرنے کی تجویز پر بھی مشاورت کی گئی، جب کہ قومی ہیروز کے اعزازات کی تاحیات حیثیت اور فوجی عہدوں و اعزازات (جیسے فیلڈ مارشل، نیوی و ائرفورس کے مخصوص القابات) کو آئین میں شامل کرنے پر بھی غور کیا گیا۔

وزیر قانون نے کہا کہ آئینی ترمیم دو تہائی اکثریت سے منظور ہونے کے بعد آئین کا حصہ بن جائے گی، جس سے سیاسی استحکام اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو فروغ ملے گا۔

ذرائع کے مطابق، سینیٹ کا اجلاس آج شام ہوگا جو اتوار تک جاری رہ سکتا ہے۔ اجلاس میں آئینی ترمیم پر تفصیلی بحث متوقع ہے، جب کہ پیر کے روز اس کی منظوری کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے ترمیم کی بعض شقوں پر تحفظات کا اظہار کیا ہے اور ممکنہ احتجاج کی تیاری بھی کر رکھی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter