پنجاب اسمبلی میں 27ویں آئینی ترمیم کی حمایت میں قرارداد جمع کروا دی گئی۔ مسلم لیگ (ن) کی رکن صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ نے یہ قرارداد اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروائی۔
قرارداد کے متن کے مطابق ایوان نے 27ویں آئینی ترمیم کی مکمل تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجوزہ ترمیم ملک میں ادارہ جاتی استحکام، شفافیت اور بہتر طرزِ حکمرانی کو یقینی بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ لوکل گورنمنٹ کو آئینی تحفظ فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے تاکہ بلدیاتی اداروں کے اختیارات کو آئینی سطح پر مستحکم کیا جا سکے اور مستقبل میں کوئی بھی ان کے نظام میں مداخلت نہ کر سکے۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس مؤخر، 27ویں آئینی ترمیم پر مشاورت جاری
ایوان نے آئینی عدالت کے قیام کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے عدلیہ کی آزادی، غیر جانبداری اور انصاف کے معیار میں مزید بہتری آئے گی۔ مزید برآں، مجوزہ ترمیم صوبائی خودمختاری اور وفاقی توازن کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔
قرارداد میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ الیکشن کمیشن کو مزید خودمختار اور فعال بنانے کی تجاویز درست سمت میں پیش رفت ہیں۔ ایوان نے قرار دیا کہ یہ ترمیم کسی انقلاب سے کم نہیں بلکہ ادارہ جاتی ترقی اور استحکام کا تسلسل ہے۔
آخر میں پنجاب اسمبلی کے ایوان نے وزیرِاعظم پاکستان کو آئینی اصلاحات کے سلسلے میں ان کی کاوشوں پر خراجِ تحسین پیش کیا اور یقین ظاہر کیا کہ 27ویں آئینی ترمیم ملک کے جمہوری و آئینی ڈھانچے کے استحکام میں سنگِ میل ثابت ہوگی۔
