سپریم کورٹ آف پاکستان کے اندر ملازمین سے ملاقاتوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں جاری کیے گئے آفس آرڈر میں کہا گیا ہے کہ دفتری اوقات میں ملازمین سے غیر ضروری ملاقاتوں کے باعث کام کے تسلسل میں خلل پڑتا ہے، جس کے پیشِ نظر یہ پابندی عائد کی گئی ہے۔
آفس آرڈر کے مطابق، دفتری اوقات کے دوران کوئی بھی ملازم کسی پرائیویٹ شہری سے ملاقات نہیں کر سکے گا۔ اگر کسی وجہ سے ملاقات ناگزیر ہو، تو متعلقہ ملازم کو اپنے سینئر افسر سے پیشگی اجازت لینا ہوگی۔ اجازت ملنے کی صورت میں ملاقات صرف سہولت مرکز (فسیلیٹیشن سینٹر) میں اور زیادہ سے زیادہ پانچ منٹ کے لیے کی جا سکے گی۔
ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام عدالتی امور کی کارکردگی بہتر بنانے اور غیر متعلقہ سرگرمیوں کو محدود کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
