وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز COP30 ماحولیات اجلاس میں شرکت کے لیے برازیل روانہ ہوگئیں۔ اجلاس کے دوران وہ پنجاب کے فلیگ شپ پراجیکٹس پر شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دیں گی اور مختلف اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز ستھرا پنجاب اور ای موبلٹی جیسے منصوبوں کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کریں گی اور کلائمیٹ ریزیلینٹ ریجنل لیڈرشپ پر گفتگو کریں گی۔ اس کے علاوہ پنجاب میں وائلڈ لائف ریفارم کے اقدامات کی تفصیلات بھی پیش کی جائیں گی۔
اس موقع پر مریم نواز اہم بین الاقوامی رہنماؤں اور عہدیداروں سے بھی ملاقات کریں گی، جن میں ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے نائب صدر، ورلڈ بینک کلائمیٹ چینج کے گلوبل ڈائریکٹر، گلوبل گرین انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر جنرل اور یونائیٹڈ نیشن ڈویلپمنٹ پروگرام کے عہدیدار شامل ہیں۔
یہ اجلاس عالمی سطح پر ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اور سبز منصوبوں کے فروغ کے لیے اہم پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔
