قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان کا کہنا ہے کہ سابق کرکٹرز بابر اعظم سے حسد کرتے ہیں اور ان کی کامیابی کو برداشت نہیں کر پا رہے ہیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بابر اعظم گزشتہ دس برسوں میں پاکستان کا سب سے بڑا بیٹنگ ٹیلنٹ ہیں اور انہوں نے ملک کو بیٹنگ کے ذریعے عالمی سطح پر نئی پہچان دی ہے۔
اعظم خان نے مزید کہا کہ بابر اعظم نے یہ کامیابیاں بغیر کسی بڑے کرکٹر کی مدد کے حاصل کیں۔ ان کے بقول، جب ویرات کوہلی نے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تو ان کے ساتھ سچن ٹنڈولکر، وی وی ایس لکشمن، وریندر سہواگ اور مہندر سنگھ دھونی جیسے سینئر کھلاڑی موجود تھے، لیکن بابر کے پاس کوئی سینئر کرکٹر نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ بابر اعظم نے اپنی محنت سے جو شہرت حاصل کی ہے، وہی کچھ سابق کرکٹرز کے لیے ناقابلِ برداشت بن چکی ہے۔ اعظم خان کے مطابق پچھلے دس سال میں شاہد آفریدی وہ واحد کرکٹر تھے جنہیں دیکھنے کے لیے شائقین کرکٹ میدانوں کا رخ کرتے تھے، اور اب یہی مقام بابر اعظم کو حاصل ہے۔
بابراعظم اور محمد رضوان اسٹرائیک ریٹ سب سے پیچھے رہ گئے
اعظم خان نے یہ بھی کہا کہ جب بابر بیٹنگ کے لیے میدان میں آتے ہیں تو شائقین کا جوش و خروش دیکھنے کے قابل ہوتا ہے، لیکن کچھ سابق کھلاڑی اس مقبولیت کو ہضم نہیں کر پا رہے۔ ان کے خیال میں اگر سوشل میڈیا ان کے زمانے میں موجود ہوتا تو شاید وہ بھی آج بابر جتنے مشہور ہوتے۔
