امریکی حکومت نے غیر ملکیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے 80 ہزار تارکینِ وطن کے ویزے منسوخ کر دیے ہیں۔ سینئر امریکی حکام کے مطابق زیادہ تر منسوخیاں ان افراد کے خلاف کی گئیں جو تشدد، چوری اور نشے کی حالت میں گاڑی چلانے جیسے جرائم میں ملوث پائے گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 16 ہزار ویزے نشے میں ڈرائیونگ کے کیسز کی بنا پر جبکہ 12 ہزار ویزے تشدد کے واقعات میں ملوث افراد کے منسوخ کیے گئے۔ ان کے مطابق، قانون کی خلاف ورزیوں اور ویزا میعاد ختم ہونے کی وجہ سے اگست کے مہینے میں 6 ہزار غیر ملکی طلبہ کے ویزے بھی ختم کیے گئے۔
خبر ایجنسی کے مطابق گزشتہ ماہ سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز مواد پوسٹ کرنے کے الزام میں 6 افراد کے ویزے بھی منسوخ کیے گئے۔ رپورٹ کے مطابق ان میں سے کچھ افراد کا تعلق اس واقعے سے تھا جس میں معروف سیاسی کارکن چارلی کرک پر حملے کے بعد سوشل میڈیا پر نفرت انگیز پیغامات شیئر کیے گئے تھے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ویزا منسوخی کی یہ مہم ملک میں بڑھتے جرائم اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے شروع کی گئی ہے، جس کے تحت مزید تحقیقات اور ممکنہ کارروائیوں کا سلسلہ آئندہ ہفتوں میں جاری رہے گا۔
