وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے شروع کیا گیا ای چالان سسٹم عوام کے تحفظ اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کے لیے ایک مثبت اقدام ہے حکومت کسی دباؤ میں نہیں آئے گی اور وہی فیصلے کرے گی جو عوام کے مفاد میں ہوں گے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتیں ای چالان سسٹم پر بلاجواز تنقید کر رہی ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بنتی ہے ای چالان کا مقصد شہریوں کو قانون کا پابند بنانا ہے نہ کہ ان پر بوجھ ڈالنا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ٹریفک قوانین میں تبدیلی اس لیے کی کیونکہ پرانے قوانین پر عمل درآمد نہیں ہو رہا تھا نئے قوانین کے بعد بہتری دیکھی جا رہی ہے اور ٹریفک حادثات میں کمی آئی ہے۔
جماعت اسلامی نے ای چالان سسٹم سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کراچی کے انفرا اسٹرکچر پر تیزی سے کام جاری ہے اور حکومت چاہتی ہے کہ شہری قانون کی پاسداری کریں تاکہ کسی کا ایک روپیہ بھی ضائع نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ڈمپر واقعے میں ملوث تمام افراد گرفتار ہو چکے ہیں اور قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔
