40
کراچی میں سندھ ہائیکورٹ نے نجی کورئیر کمپنی کی اپیل مسترد کرتے ہوئے 6 سال بعد فیصلہ سنایا اور کمپنی کو ہدایت دی کہ وہ صارف کو موبائل فون اور جرمانے کی رقم ادا کرے۔
مقدمے کے مطابق صارف محمد شاہد نے اپنا موبائل فون کورئیر کمپنی کے ذریعے لاہور بھیجا تھا جو دورانِ ترسیل گم ہو گیا۔ صارف کی شکایت پر کنزیومر کورٹ نے کمپنی کو 45 ہزار روپے جرمانے کے ساتھ موبائل کی رقم ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔
نجی کورئیر کمپنی نے اس فیصلے کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی تھی تاہم جسٹس ارشد حسین خان پر مشتمل سنگل بینچ نے اپیل مسترد کرتے ہوئے کنزیومر کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا۔ عدالت نے قرار دیا کہ صارفین کو ان کے نقصان کا ازالہ دینا کمپنیوں کی قانونی ذمہ داری ہے۔
