11
رکھنی میں کسٹمز انفورسمنٹ کی ٹیم نے غیر ملکی سگریٹس اسمگل کرنے کی بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے تین کروڑ پچاسی لاکھ روپے مالیت کا سامان قبضے میں لے لیا۔
کلکٹوریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ کے تحت فیلڈ یونٹ رکھنی نے کارروائی کے دوران ایک ہینو ٹرک سے کوئلے کے نیچے چھپائی گئی غیر ملکی سگریٹس کی بڑی کھیپ برآمد کی۔ تفصیلی تلاشی کے دوران سگریٹس کے 188 کارٹن برآمد ہوئے جن کی مالیت تقریباً دو کروڑ پینتیس لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔
ترجمان ایف بی آر کے مطابق اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑی سمیت ضبط شدہ سامان کی کل مالیت تین کروڑ پچاسی لاکھ روپے بنتی ہے۔
گاڑی اور اشیا کو کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت قانونی کارروائی کے لیے گودام منتقل کر دیا گیا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ایف بی آر اسمگلنگ کی روک تھام، قومی محصولات کے تحفظ اور ملک میں قانونی تجارت کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
