گجرات پولیس تھانہ کنجاہ نے چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث دو رکنی بلال عرف بلو گینگ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے مال مسروقہ جن میں طلائی زیورات، لوڈر رکشہ، ٹوکہ مشین، نقدی بائیس ہزار پانچ سو روپے اور دیگر سامان مالیتی ساڑھے بارہ لاکھ روپے شامل ہیں، برآمد کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او گجرات رانا عمر فاروق کے احکامات کی روشنی میں ضلع بھر میں چوروں اور ڈکیتوں کے خلاف خصوصی آپریشن جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ڈی ایس پی صدر سرکل غازی آصف علی کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ کنجاہ انسپکٹر حسن زبیر نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے بلال عرف بلو گینگ کے دو ارکان کو گرفتار کیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت بلال احمد عرف بلو ولد مراد احمد اور محمد اختر ولد محمد اکرم سکنائے دھارووال کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ ان کے دیگر ساتھیوں اور ممکنہ وارداتوں کا بھی سراغ لگایا جا سکے۔
