وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللّٰہ تارڑ نے لاہور کی سیشن کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اُمید کرتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف ہتک عزت کے کیس میں انصاف ملے گا۔
عطا تارڑ نے بتایا کہ کیس کو 8 سال ہو چکے ہیں اور بانی پی ٹی آئی کے وکلاء 120 مرتبہ تاریخ لے چکے ہیں۔ آج ان کے وکیل کسی مصروفیت کے سبب پیش نہیں ہوئے، جس پر انہوں نے درخواست دی کہ اُن کا بیان ریکارڈ کر لیا جائے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے الزام لگایا کہ شہباز شریف نے پانامہ کیس میں 10 ارب کی پیشکش کی، جو ایک جھوٹا اور من گھڑت الزام تھا۔ شہباز شریف نے 2017 میں اس کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا تھا۔
وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کا اپوزیشن لیڈر کو ہتک عزت کا نوٹس، ایک ارب روپے کا ہرجانہ طلب
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور اس کا گروپ جھوٹے الزامات لگاتے ہیں، افواج پاکستان پر بھی الزام تراشیاں کیں، جنہیں عدالت نے جھوٹا قرار دیا۔ ان کا موقف تھا کہ بانی پی ٹی آئی دہشت گردوں کی حمایت کرتا ہے اور ہمیشہ جھوٹ بول کر بعد میں یوٹرن لیتا ہے۔
