وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی، جہاں انہوں نے چودھری شجاعت کے بہنوئی جاوید چٹھہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیر داخلہ نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور چودھری شجاعت حسین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اہلِ خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر چودھری شافع حسین بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران ملک کی داخلی سکیورٹی صورتحال اور وزارتِ داخلہ کے جاری اقدامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ محسن نقوی نے چودھری شجاعت کو موجودہ سکیورٹی حکمتِ عملی اور عوامی تحفظ کے حوالے سے حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا۔
چودھری شجاعت حسین نے وزارتِ داخلہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے اداروں کی مشترکہ کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وفاق اور صوبے مل کر ملک میں پائیدار استحکام کو یقینی بنائیں گے۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے شہدائے وطن کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ملک کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔
