وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے ہاؤس رینٹ سیلنگ میں 85 فیصد تک اضافے کی منظوری دے دی ہے۔
یہ فیصلہ وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے کیا، جس کے بعد تمام وفاقی ملازمین کو گریڈ ایک سے 22 تک اس اضافے کا یکساں فائدہ حاصل ہوگا۔
ذرائع کے مطابق وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی جانب سے پیش کی گئی سمری کو کابینہ نے باضابطہ طور پر منظور کر لیا ہے۔ اس فیصلے کے نتیجے میں قومی خزانے پر تقریباً 12 ارب روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑے گا، تاہم حکومت کو امید ہے کہ اس اقدام سے مہنگائی کے دباؤ کا شکار سرکاری ملازمین کو خاطر خواہ ریلیف ملے گا۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ ہاؤس رینٹ سیلنگ میں یہ اضافہ ملازمین کا ایک پرانا اور دیرینہ مطالبہ تھا۔ اس فیصلے سے نہ صرف ان کے رہائشی مسائل میں کمی آئے گی بلکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث گھروں کے کرایوں میں اضافے کے اثرات کو بھی کسی حد تک کم کیا جا سکے گا۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے اس اقدام کو ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس سے ان کی مالی مشکلات میں کمی اور معیارِ زندگی میں بہتری آنے کی توقع ہے۔
 
  
  
  
  
  
  
  
  
  
  
  
  
  
  
  
 
