محکمہ ماحولیات پنجاب نے فضائی آلودگی اور اسموگ کی روک تھام کے لیے صوبے بھر میں خشک جھاڑو لگانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ تمام سرکاری اداروں، بلدیاتی اداروں اور صفائی کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سڑکوں پر جھاڑو لگانے سے قبل پانی کا اسپرے لازمی کیا جائے۔
محکمہ ماحولیات پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل عمران حامد کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ خشک جھاڑو کے باعث دھول اور مٹی ہوا میں معلق رہتی ہے، جو اسموگ میں اضافے کا بڑا سبب بنتی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈرائی سویپنگ (Dry Sweeping) کے بجائے سڑکوں پر ویٹ سویپنگ (Wet Sweeping) یعنی پانی کے چھڑکاؤ کے بعد صفائی کی جائے۔
مزید یہ کہ چونے کے پاؤڈر سے صفائی کرنے پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے کیونکہ یہ عمل نہ صرف فضا کو آلودہ کرتا ہے بلکہ شہریوں کے لیے سانس اور آنکھوں کی بیماریوں کا باعث بھی بنتا ہے۔
محکمہ ماحولیات نے تمام ضلعی انتظامیہ اور واسا حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ ان احکامات پر فوری عملدرآمد یقینی بنائیں اور خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی عمل میں لائی جائے۔
