جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی جانب سے موبائل پولیس اسٹیشن اینڈ لائسینسنگ یونٹ کے تعارفی پروگرام کا انعقاد یونیورسٹی آف پنجاب جہلم کیمپس میں کیا گیا۔
تقریب میں یونیورسٹی انتظامیہ، اساتذہ، طلبہ و طالبات سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے شرکاء کو موبائل پولیس اسٹیشن کے اغراض و مقاصد اور اس کی سہولیات سے تفصیلاً آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد شہریوں کو گھر کی دہلیز پر پولیس خدمات کی فراہمی ہے، تاکہ عوام کو تھانوں یا دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔
انہوں نے کہا کہ موبائل پولیس اسٹیشن کے ذریعے شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا و تجدید، پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ، تصدیقات، شکایات کے اندراج، اور دیگر متعدد سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
ڈی پی او جہلم نے اس موقع پر طلبہ و طالبات کو پولیس کے جدید نظام، سیف سٹی پروجیکٹ، اور عوامی خدمت پر مبنی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ “جہلم پولیس جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال اور عوامی تعاون کے ذریعے خدمت و اعتماد کے نئے باب رقم کر رہی ہے۔”
جہلم میں چینی کے سرکاری نرخ ہوا میں اُڑا دیے گئے، چینی 210 روپے میں فروخت ہونے لگی
تقریب کے اختتام پر یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی عوامی خدمت اور جدید پولیس سسٹم کے قیام پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
انتظامیہ نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے عوام اور پولیس کے درمیان فاصلے کم ہوں گے اور نوجوان نسل میں اعتماد و شعور میں اضافہ ہوگا۔
