پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے لیگ میں دو نئی فرنچائزز شامل کرنے اور ان کے لیے آکشن کرانے کا باضابطہ اعلان کر دیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سی ای او سلمان نصیر نے کہا کہ پی ایس ایل کے آغاز پر لوگوں کی دلچسپی کم تھی، لیکن پانچ پارٹیوں نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ٹیمیں خریدیں۔ "کئی بار لیگ کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی، مگر پی ایس ایل مسلسل ترقی کی جانب گامزن رہا”، انہوں نے کہا۔
سلمان نصیر نے بتایا کہ "10 سال مکمل ہونے کے بعد تمام پرانے معاہدے ختم ہو چکے ہیں، اور ہم نے طے کیا تھا کہ دسویں ایڈیشن کے بعد لیگ کی دوبارہ ویلیوایشن کی جائے گی۔”
انہوں نے کہا کہ نئی ٹیموں کے لیے آکشن جلد منعقد کیا جائے گا، جس میں بڈ کرنے والی پارٹیز کو شہروں کے ناموں کا پول دیا جائے گا اور وہ وہاں سے اپنی پسند کی ٹیم منتخب کریں گی۔
پی ایس ایل فرنچائزز کے نئے 10 سالہ معاہدے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل
سی ای او نے مزید بتایا کہ ایچ بی ایل آئندہ دو سال کے لیے پی ایس ایل کا اسپانسر برقرار رہے گا، اور اس نئے معاہدے کی ویلیو پچھلے معاہدے سے 505 فیصد زیادہ ہے۔
سلمان نصیر کے مطابق، "یہ اضافہ پی ایس ایل کی بڑھتی ہوئی مقبولیت، تجارتی کامیابی اور بین الاقوامی سطح پر مضبوط برانڈ ویلیو کا ثبوت ہے۔”
