وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں اور کوئی بھی ان کو جدا نہیں کر سکتا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی روشن صبح ضرور طلوع ہوگی۔
مریم نواز نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے قبضے کے خلاف یوم سیاہ پر جاری پیغام میں کہا کہ 27 اکتوبر مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کا سیاہ باب ہے، اور اس کی سیاہی بھارتی قیادت کے چہرے پر واضح ہو رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مسئلہ کشمیر صرف ایک ملک کا نہیں بلکہ پوری دنیا کا مسئلہ بن چکا ہے، اور پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا “ایئر پنجاب” کو جلد فعال کرنے کا حکم
انہوں نے بھارت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس نے بھارتی غرور کو خاک میں ملا دیا، اور امریکی صدر کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر کو عظیم قرار دینا بھارت کے لیے ایک اور شکست کے مترادف ہے۔
مریم نواز نے زور دیا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا، اور لاکھوں بے گناہ کشمیریوں کے خون کا صلہ ضرور ملے گا۔
