پاکستانی پاسپورٹ کے فرنٹ کور پیج کی مبینہ تبدیلی سے متعلق خبروں پر ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاسپورٹ کے ڈیزائن میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی۔
محکمے کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی پاسپورٹ کی تصاویر جعلی ہیں، جبکہ فرنٹ کور سے متعلق پھیلائی جانے والی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں۔ ترجمان نے کہا کہ قومی پاسپورٹ سے متعلق مختلف افواہیں بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔
امیگریشن اینڈ پاسپورٹس ڈیپارٹمنٹ نے اس معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی جھوٹی خبروں پر یقین نہ کریں اور معلومات کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر انحصار کریں۔
ڈی جی امیگریشن کے مطابق پاسپورٹ میں صرف چند سیکیورٹی فیچرز میں بہتری کی گئی ہے جبکہ کور ڈیزائن یا دیگر ظاہری پہلوؤں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
محکمے نے واضح کیا کہ قومی دستاویز سے متعلق غلط معلومات پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
