دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور ایک بار پھر پہلے نمبر پر آگیا ہے، جبکہ پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی فضائی آلودگی خطرناک حدوں کو چھو رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صبح کے وقت لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 307 ریکارڈ کیا گیا۔ عالمی ادارے آئی کیو ایئر کے مطابق قصور میں فضائی معیار سب سے زیادہ خراب رہا جہاں ایئر کوالٹی 676 تک پہنچ گئی۔ اسی طرح فیصل آباد میں 558, شیخوپورہ میں 449, گوجرانوالہ میں 365 اور ملتان میں 358 پارٹیکیولیٹ میٹرز کی سطح نوٹ کی گئی۔
ماحولیاتی ماہرین کے مطابق مشرقی پنجاب اور بھارتی ریاست ہریانہ کے زرعی علاقوں سے آنے والی کم رفتار ہوائیں لاہور اور وسطی پنجاب کے فضائی معیار کو شدید متاثر کر رہی ہیں۔ شہریوں کو ماسک کے استعمال اور غیر ضروری نقل و حرکت محدود رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر انسدادِ اسموگ آپریشن میں مزید تیزی لائی جا رہی ہے۔ لاہور، قصور، شیخوپورہ اور گوجرانوالہ میں اینٹی اسموگ اسکواڈز فعال کر دیے گئے ہیں، جبکہ محکمہ زراعت کو ہدایت دی گئی ہے کہ بھارتی طرز پر فصلوں کی باقیات جلانے (اسٹبل برننگ) کے متبادل اقدامات تیز کیے جائیں۔
دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور سب سے آگے
حکام کا کہنا ہے کہ سپر سیڈرز اور دیگر ماحول دوست مشینری کے استعمال میں توسیع کی جا رہی ہے تاکہ فضائی آلودگی پر مؤثر کنٹرول حاصل کیا جا سکے اور شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔
