پنجاب کی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ کو اڈیالہ جیل کے باہر سیاسی مظاہرے کرنے کے بجائے اپنے صوبے میں آٹے کی قلت ختم کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔
عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ عوام کے مسائل نعرے بازی اور فلمی ڈائیلاگ سے حل نہیں ہوتے، بلکہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ لوگوں کے چولہے جل سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے آٹے کی ترسیل پر کوئی پابندی عائد نہیں کی، بلکہ صوبے سے آٹے کی سپلائی مکمل شفاف انداز میں پرمٹ کے تحت جاری ہے۔
پنجاب کی ترقی اور سندھ کی سیاست؛ عظمیٰ بخاری کی پیپلز پارٹی پر سخت تنقید
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پنجاب کی اولین ترجیح اپنے عوام کی ضروریات پوری کرنا ہے، اس لیے خیبر پختونخوا حکومت کو چاہیئے کہ وہ پاسکو سے گندم خریدے یا اپنے ذخائر سے گندم جاری کرے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔
