کراچی میں آتشزدگی کے تین الگ الگ واقعات، کروڑوں روپے کا نقصان

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی میں اتوار کے روز آگ لگنے کے تین مختلف واقعات پیش آئے جن میں کروڑوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

latest urdu news

بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں گودام میں آگ:

پہلا واقعہ بلدیہ اتحاد ٹاؤن خیبر چوک کے قریب پیش آیا، جہاں صبح کے وقت ایک گودام میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی اور گودام میں کھڑی گاڑیوں سمیت بھاری مالیت کا سامان اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

کے ایم سی فائربریگیڈ کی ایک گاڑی ابتدا میں موقع پر پہنچی مگر آگ کی شدت دیکھتے ہوئے مزید 7 فائر ٹینڈرز اور 2 باؤزرز کو طلب کیا گیا۔ کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔

گودام کے مالک حاجی حیات خان کے مطابق، آگ صبح سات بجے کے قریب لگی لیکن فائربریگیڈ دو گھنٹے بعد پہنچی، جب تک آگ بجھائی گئی، تمام سامان جل کر خاکستر ہوچکا تھا۔ گودام میں گتے، کپڑے، مشینوں، گاڑیوں اور رکشہ سمیت کروڑوں روپے کا نقصان ہوا۔

کیماڑی میں لانچ میں آگ:

دوسرا واقعہ کیماڑی فشریز مچھلی مارکیٹ کے قریب پیش آیا، جہاں ایک کھڑی لانچ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ کے ایم سی فائربریگیڈ اور ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔ لانچ مکمل طور پر جل گئی تاہم دیگر لانچوں کو بروقت بچا لیا گیا۔

شاہ لطیف ٹاؤن میں پولٹری فارم میں آگ:

تیسرا واقعہ رزاق آباد کے قریب پولٹری فارم میں پیش آیا جہاں ایک کمرے اور اردگرد کے کچرے میں آگ بھڑک اٹھی۔ فائربریگیڈ کی دو گاڑیوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ بجھا دی۔

فائربریگیڈ حکام کے مطابق تینوں واقعات میں آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق شارٹ سرکٹ اور لاپرواہی کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا رہا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter