امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ نومبر میں ’بدل دو پاکستان تحریک‘ کا آغاز کیا جائے گا۔ گجرات میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگرچہ انگریز تو چلا گیا، مگر اس کا افسر شاہی نظام آج بھی قائم ہے، جو خود کو حاکم اور عوام کو محکوم سمجھتا ہے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ گریڈ انیس یا بیس کے افسر بچے کی شادی پر کروڑوں روپے خرچ کرتے ہیں، جبکہ کسان کسمپرسی کا شکار رہتا ہے۔ اُن کے مطابق اس گلے سڑے نظام کو بدلنا ہوگا اور نوجوان اس تحریک کا حصہ بن کر اسے کامیاب بنائیں۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ اس تحریک کا مقصد صرف چہروں، جھنڈوں یا پارٹیوں کی تبدیلی نہیں بلکہ پورے نظام کو بدلنا ہے۔ اگلے ماہ سے اس تحریک کا آغاز کیا جائے گا اور تمام پارٹیاں اس میں شامل ہو کر مراعات حاصل کرتی ہیں۔
نوجوانوں کو جاہل نہیں بننے دیں گے بلکہ علم کی شمع جلائیں گے: حافظ نعیم الرحمان
حافظ نعیم نے کہا کہ اگر گجرات پانی میں ڈوب گیا تو حکمران کہاں تھے، اور زندہ باد یا مردہ باد کی سیاست کو بھی مردہ باد کہنا ہوگا۔ تقریب میں ہزاروں نوجوانوں اور بچوں کی شرکت نے اس تحریک کی اہمیت کو واضح کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ صرف بارہ فیصد نوجوان اعلیٰ تعلیم حاصل کر پا رہے ہیں، پاکستان کو آئی ٹی اور جدید سوچ کی ضرورت ہے، اور چھوٹی سوچ والے حکمران عوام کو بھکاری نہ بنائیں۔ بنو قابل پاکستان کے لیے ایک گیم چینجر ثابت ہوگا۔
