کراچی میں 45 ہزار تنخواہ لینے والا گھریلو ملازم کروڑ پتی نکلا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 8 میں بزرگ جوڑے کے گھر پر ملازمت کرنے والا گھریلو ملازم واجد 45 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ لینے کے باوجود کروڑ پتی زندگی گزار رہا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے اہل خانہ کا اعتماد حاصل کر کے رقم میں ہیر پھیر کی، قیمتی اشیاء چرائیں اور مختلف شہروں میں جائیدادیں خریدیں۔

latest urdu news

ایس ایچ او ساحل خالد رفیق کے مطابق بزرگ جوڑا طویل عرصے سے ڈیفنس کے ایک بنگلے میں مقیم تھا۔ ان کے بچے امریکا میں رہائش پذیر ہیں اور والدین کی دیکھ بھال کے لیے رقم بھجواتے تھے۔ تین سال قبل بزرگ شخص کے انتقال کے بعد ان کی 85 سالہ بیوہ خاتون اکیلی رہ گئیں، جن کی خدمت اور مالی امور کی ذمہ داری واجد کے سپرد تھی۔

پولیس کے مطابق اسی دوران ملزم نے اہل خانہ کا مکمل اعتماد حاصل کر کے ان کے پیسوں میں خردبرد شروع کی۔ واجد نے گھر سے سونا، غیر ملکی کرنسی اور نقد رقم چوری کی، جبکہ اسلام آباد اور ہری پور میں پلاٹ، کراچی میں فلیٹ اور گاڑیاں خریدنے کا انکشاف ہوا۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ بزرگ جوڑے کی بیٹی جب امریکا سے والدہ سے ملنے کراچی آئی تو اس نے گھر کے مالی معاملات میں گڑبڑ محسوس کی۔ اسی دوران گھر میں چوری کی واردات بھی ہوئی، جس پر خاتون نے پولیس کو شکایت درج کرائی۔

تحقیقات کے دوران پولیس نے واجد کو حراست میں لیا تو اس نے تقریباً 3 کروڑ 45 لاکھ روپے خردبرد کرنے کا اعتراف کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے دوست اور رشتہ دار بھی گھر آتے جاتے رہتے تھے، جن کے ذریعے وہ چوری شدہ رقم کو مختلف ذرائع سے منتقل کرتا رہا۔

پولیس نے بتایا کہ ملزم سے بینک اکاؤنٹس اور دیگر اثاثوں کے بارے میں مزید تفتیش جاری ہے اور امکان ہے کہ مزید سنسنی خیز انکشافات سامنے آئیں گے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter