وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ حکومت، عوام اور پارلیمان کو اعتماد میں لیے بغیر کیے گئے کسی بھی فیصلے کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
چارسدہ میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ جس دن ان کا نام وزیراعلیٰ کے لیے سامنے آیا، بعض حلقوں نے مخالفت کی، مگر آج عوام نے ثابت کر دیا کہ وہ انہیں قبول کرتے ہیں۔ ان کے مطابق، انہیں عوام کی تائید حاصل ہے اور وہ کسی کے دباؤ میں نہیں آئیں گے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ ان کے خلاف پورے ملک میں پروپیگنڈا کیا گیا اور انہیں دہشتگرد اور نااہل قرار دینے کی کوشش کی گئی، لیکن یہ تمام کوششیں ناکام رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ نوجوان ضرور ہیں مگر خیبر پختونخوا کے عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں تمام فیصلے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وژن کے مطابق ہوں گے۔ ان کے بقول، انہیں عدالتی احکامات کے باوجود اپنے قائد سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، جس کے بعد انہوں نے عوام کی عدالت میں جانے کا فیصلہ کیا۔
راولپنڈی: سہیل آفریدی کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت
سہیل آفریدی نے اعلان کیا کہ وہ بند کمروں میں کیے گئے خفیہ فیصلے قبول نہیں کریں گے، اور ہر فیصلہ عوامی مفاد اور مشاورت سے ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں، ملک میں حقیقی آزادی اور آئین و قانون کی بالادستی قائم کر کے انصاف فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک اور قوم پر ظلم کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، اور ہر وہ فیصلہ مسترد کیا جائے گا جو عوام اور پارلیمان کو اعتماد میں لیے بغیر کیا جائے۔
