وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ منصوبے نے پہلی بار عام آدمی کو یہ حقیقی احساس دلایا ہے کہ ریاست واقعی ماں جیسی ہوتی ہے۔
وزیراعلیٰ نے ایک تقریب کے دوران ایک لاکھ گھروں کا ہدف مکمل ہونے پر منصوبے سے وابستہ تمام ٹیم ممبران اور گھر بنانے والے افراد کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ صرف 10 ماہ میں ایک سال کا ہدف پورا کرنا منصوبہ ساز ٹیم کی محنت اور شفافیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
مریم نواز نے بتایا کہ کم آمدنی والے ایک لاکھ 83 ہزار خاندانوں کو 120 ارب روپے کے بلاسود اور آسان قرضے فراہم کیے گئے، جن کے تحت 22 ہزار 305 گھر مکمل طور پر آباد ہو چکے ہیں جبکہ 64 ہزار 190 گھر تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پراجیکٹ نے ہاؤسنگ سیکٹر میں ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’غریب آدمی کو چھت کا خواب نواز شریف نے دیکھا، اور اس خواب کو پورا کرنے کی توفیق اللہ تعالیٰ نے ہمیں دی۔‘‘
پنجاب حکومت کا ہنرمند نوجوانوں کیلئے ’مریم نواز فری پرواز کارڈ‘ جاری کرنے کا فیصلہ
مریم نواز نے مزید کہا کہ منصوبے کے تحت قرضوں کا شفاف اجراء قابل تقلید مثال ہے، اور حکومت اگلے پانچ سال میں پانچ لاکھ گھروں کا ہدف پورا کرنے کے عزم پر قائم ہے۔