اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے صنعتوں اور کسانوں کے لیے رعایتی بجلی پیکیج کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے صنعتی و زرعی شعبے کے ماہرین اور کاروباری برادری کے وفد سے ملاقات کے دوران یہ اعلان کیا۔ پیکیج کے تحت نومبر 2025 سے اکتوبر 2028 تک صنعتوں اور کسانوں کو رعایتی نرخوں پر اضافی بجلی فراہم کی جائے گی۔
وزیراعظم نے گفتگو میں کہا کہ بہتر پالیسیوں اور اجتماعی کوششوں کی بدولت پاکستان کے معاشی اشارے مثبت سمت میں جا رہے ہیں، تاہم ملک کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن رکھنے کے لیے مزید محنت درکار ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ "معاشی بحران سے استحکام تک کا سفر مشکل ضرور تھا مگر ہماری معاشی ٹیم کی محنت اور کاروباری طبقے کے تعاون سے یہ ممکن ہوا۔ اس کے نتیجے میں صنعتوں کا پہیہ چلا، برآمدات میں اضافہ ہوا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوئے۔”
سیلاب متاثرین کے لیے 389 ارب روپے کا ریلیف پیکیج تیار
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس موسمِ سرما کے پیکیج کے تحت صنعتی و زرعی شعبے نے 410 گیگاواٹ اضافی بجلی استعمال کی، جو معیشت کی بحالی کی علامت ہے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صنعت اور زراعت کی ترقی ہی پاکستان کی معاشی خود انحصاری اور قرضوں سے نجات کی ضامن ہے۔ حکومت ان دونوں شعبوں کی علاقائی مسابقت بڑھانے اور کاروباری سہولتوں میں اضافے کے لیے مزید اقدامات کر رہی ہے۔