پنجاب حکومت نے صوبے میں صنعتی ترقی کو فروغ دینے اور ہنرمند نوجوانوں کے روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہنرمند نوجوانوں کے لیے "مریم نواز فری پرواز کارڈ” جاری کیا جائے گا، جب کہ صنعتی ترقی کے لیے صوبے بھر میں انڈسٹری کا نیا سروے کرایا جائے گا۔
اجلاس میں اسکل ڈویلپمنٹ اینڈ انٹرپرینیورشپ ڈیپارٹمنٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ ہنرمند پروگرام کے تحت گزشتہ چند ماہ میں 1 لاکھ 80 ہزار سے زائد نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تربیت فراہم کی گئی۔ ان میں سے 75 ہزار سے زائد نوجوانوں کو روزگار ملا، جبکہ 15 ہزار افراد نے بین الاقوامی اداروں میں ملازمتیں حاصل کیں۔
رپورٹ کے مطابق ٹیوٹا اداروں سے تربیت پانے والے 27 ہزار 500 سے زائد نوجوان روزگار حاصل کر چکے ہیں، جب کہ پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل سے تربیت یافتہ 45 ہزار نوجوان بھی مختلف شعبوں میں کام کر رہے ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران پنجاب میں ٹیکنیکل ٹریننگ کے شعبے میں 21 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے۔
سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے نہ رونا دھونا کیا، نہ دنیا کے سامنے ہاتھ پھیلایا: مریم نواز
اجلاس میں خواتین کی ترقی کے حوالے سے بھی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ "میں ڈیجیٹل” پروگرام کے تحت 3 ہزار دیہی خواتین کو آئی ٹی ٹریننگ دینے کے لیے ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
پہلے مرحلے میں بہاولپور، سرگودھا، گوجرانوالا، لودھراں اور فیصل آباد کی دیہی خواتین کو تربیت دی جائے گی، جبکہ یکم اپریل 2026 تک 2100 سے زائد خواتین کی ٹریننگ مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت کے مطابق "مریم نواز فری پرواز کارڈ” کا مقصد بیرونِ ملک روزگار کے خواہشمند ہنرمند نوجوانوں کو سہولت فراہم کرنا اور ان کی معاشی خودمختاری کو فروغ دینا ہے۔