وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت طلبہ میں مفت لیپ ٹاپ کی تقسیم کا باقاعدہ آغاز 30 اکتوبر 2025 سے اسلام آباد میں کیا جائے گا، جس کے بعد یہ اسکیم ملک بھر کے دیگر شہروں میں بھی پھیلائی جائے گی۔
سوشل میڈیا پر جاری سرکاری بیان میں کہا گیا: "انتظار ختم ہونے والا ہے! تیاری کر لیجیے۔” اس اعلان کے بعد طلبا میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے جو کئی ماہ سے اس پروگرام کے آغاز کا انتظار کر رہے تھے۔
یہ اسکیم وزیراعظم یوتھ پروگرام کا ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے، جس کا مقصد ڈیجیٹل خواندگی میں اضافہ، ٹیکنالوجی تک رسائی میں بہتری اور طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
اسلام آباد میں ہونے والی افتتاحی تقریب میں وفاقی وزراء اور مختلف جامعات کے طلبہ کی شرکت متوقع ہے، جب کہ ہزاروں لیپ ٹاپ اس مرحلے میں تقسیم کیے جائیں گے۔
وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم 2025: طلبا کے لیے بڑی خبر
ذرائع کے مطابق مکمل شیڈول اور علاقائی تقسیم کا پلان جلد جاری کیا جائے گا تاکہ دوسرے شہروں میں بھی اس اسکیم کے تحت طلبہ مستفید ہو سکیں۔
یاد رہے کہ ماضی میں بھی اس اسکیم کے ذریعے ہزاروں طلبا کو جدید لیپ ٹاپ فراہم کیے جا چکے ہیں، جس سے انہیں تعلیم اور مہارت کے حصول میں بڑی سہولت ملی ہے۔